منگلورو، 7/ اگست (ایس او نیوز) شراب کے نشے میں مست ہوکر دیر رات کو ڈرائیونگ کرتے وقت کار بے قابو ہوکر رکشہ اسٹانڈ میں گھس گئی اوروہاں پر پارک کیے گئے رکشہ کو کچل ڈالا ۔ اس حادثے میں چار رکشہ ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک نے زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں دم توڑ دیا ہے۔ہلاک ہونے والے رکشہ ڈرائیور کی شناخت پروین کے طور پر کی گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ منگلورو کے جیوتی سرکل پر کے ایم سی اسپتال کے روبرو پیش آیا ہے۔رکشہ ڈرائیور پروین جو اپنے رکشہ کے قریب گاہک کے انتظار میں کھڑا تھا، بنٹس ہاسٹل کی جانب سے تیزرفتاری کے ساتھ آنے والی بے قابو رٹز کار (KA 20 P 1812)کی زد میں آگیا اور شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں اُس نے دم توڑ دیا۔ حادثے میں کار اور رکشہ دونوں بری طرح تباہ ہوگئے ہیں۔
کار ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ، مگر اس کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ جبکہ اس کے ساتھ موجود دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیاہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا تو کار کے اندر شراب کی خالی اور بھری ہوئی بوتلیں ، دیاسلائی کی پاکٹ اور دیگر اشیاء دستیاب ہوئیں ، جس سے پتہ چل رہا تھا کہ یہ دو دوست کسی جگہ پارٹی مناکر نکلے تھے اور کار چلاتے ہوئے بھی شراب نوشی شاید جاری تھی۔کدری پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کردیاگیا ہے۔